وزیراعظم شہباز شریف

ستائیس دسمبر عوام کی محبوب رہنما کی شہادت کا ناقابل فراموش دن ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو جمہوری وسیاسی جدوجہد کی روشن علامت ہیں، بے نظیر نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں جام شہادت نوش کیا، 27 دسمبر 2007 کا سیاہ دن عوام کی ایک محبوب رہنما کی شہادت کا ناقابل فراموش دن ہے۔منگل کو شہید بے نظیر بھٹو کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی تمام عمر جہد مسلسل کی ولولہ انگیز داستان ہے، ملک، عوام اور جمہوریت کے لئے بے نظیر بھٹو کی تاریخی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آئین کی سربلندی، آمریت کے خلاف ان کی پرعزم اور نڈر تحریک تاریخ کا سنہرا باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد نوازشریف اور بے نظیر بھٹو نے عوام کو میثاق جمہوریت کا تاریخی تحفہ دیا، میثاق جمہوریت سے ملک کی سیاست میں ایک نئے دور کا آغاز کیا، میثاق جمہوریت ہمارے قائدین کی سیاسی بصیرت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے، میثاق سے پاکستان میں ایک نئے سیاسی کلچر اور روایت کا آغاز ہوا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردی کے خلاف جرات مندانہ اور واضح موقف اختیار کیا، بے نظیر بھٹو کی شہادت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے آہنی عزم کا ثبوت ہے، بے نظیر بھٹو نے ملکی دفاع کی مضبوطی، آئینی اداروں کی تقویت اور سماجی فلاح و بہبود کے لئے انتھک خدمات انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدرآصف علی زرداری، بلاول بھٹو سمیت اہل خانہ اور شہید بے نظیر بھٹو کے تمام وابستگان سے تعزیت کرتے ہیں، اللہ تعالی شہید بے نظیر بھٹو سمیت تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں