لاہور (نمائندہ خصوصی ) ترجمان پنجاب حکومت اور رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، الیکشن کا لفظ پی ڈی ایم کی چھیڑ بن چکا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ میں فسطائی حکومت نے ہم پر گولیاں بھی چلا کر دیکھ لیں، ہمارے گھروں میں حملے بھی کر لئے، جعلی آڈیوز کا ہتھیار بھی آزما لیا اور ہمارے رہنماوں پر برہنہ کر کے تشدد سے فرعونیت کی یاد بھی تازہ کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، آج پورے ملک میں الیکشن کا لفظ پی ڈی ایم کی چھیڑ بن گئی ہے، یہ لوگ الیکشن سے ایسے بھاگ رہے ہیں جیسے شریف خاندان حلال رزق سے بھاگتا ہے، انہیں الیکشن میں جانا پڑے گا۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کو عوام کبھی قبول نہیں کریں گے، یہ ملک عوام ہی چلائیں گے۔