لاہور ( گلف آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلیاں چاہتے تھے، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں گھاس والی پچ بنانے کے حامی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ شاہد آفریدی جارحانہ فیصلے کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، ان جیسے کھلاڑی کو ہمیں سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے کی ضرورت تھی، وہ نئے ٹیلنٹ کو موقع دینے جیسے جارحانہ فیصلے کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وائٹ بال فارمیٹس کی ٹیم پی ایس ایل کی وجہ سے اچھی ہے، پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ گزشتہ چار سال سے تنزلی کا شکار رہی ہے، ماضی کے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو ختم کر دیا گیا جس سے ٹیسٹ کرکٹرز ملتے تھے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو ہار یا جیت سے کوئی غرض نہیں، وہ معیاری ٹیسٹ کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں، ماضی کے پی سی بی اعلی عہدیداران نے ٹیسٹ کرکٹ میں غیرمعیاری پچز بنوائیں، وہ ٹیسٹ میچ ڈرا کے لیے کھیلنا چاہتے تھے۔انہوںنے کہا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ڈرا کرنے کی سوچ کے باوجود ہم نے شکست کھالی، پاکستان اب ہار یا جیت کی سوچ سے باہر نکل کر معیاری ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا۔