لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی پنجاب کوڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم معطل کر کے کیس نمٹا دیا

لاہور۔12جنوری (گلف آن لائن):لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے گورنر پنجاب کی طرف سے چوہدری پرویز الہی کو وزیر اعلی پنجاب کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کا اقدام واپس لینے اوروزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد دائر درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی ۔

جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے گورنر پنجاب کی طرف سے چوہدری پرویز الہی کو وزیر اعلی پنجاب کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس عاصم حفیظ اور مزمل اختر شبیر شامل ہیں۔عدالت عالیہ کے لارجر بینچ کے روبرو دائر کی گئی آئینی درخواست میں گورنر پنجاب، سپیکر پنجاب اسمبلی، حکومت پنجاب کو فریق بنایا گیا تھا۔

جمعرات کو سماعت پر گورنر پنجاب کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گورنر نے 22 دسمبر کو جاری کیا گیا اپنا حکم واپس لے لیا ہےجس کے ذریعے وزیر اعلی پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا تھا ۔وکیل نے بتایا کہ گورنر نے کنفرم کر دیا ہے کہ سپیکر کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے،ایسے میں درخواست کی سماعت کا جواز نہیں رہا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت نے گورنر پنجاب کا نوٹیفکیشن پہلے ہی معطل کر رکھا ہے ۔ فاضل بینچ نے کہا کہ اگر سپیکر گورنر کی ایڈوائس پر اجلاس میں معاملہ حل کر لیتے توآج ایسی صورت حال نہ ہوتی۔ بینچ نے کہا کہ گورنر نے آئین کے مطابق آرڈر جاری کیا، اب وزیر اعلی پرویز الہی نے گورنر کے آرڈر پر اعتماد کا ووٹ لے لیا، بہرحال گورنر کے آرڈر کو بھی غیر قانونی نہیں کہا جاسکتا ۔فاضل بینچ نے کہا کہ سارا کچھ آئین کے مطابق ہوگیاہے اب درخواست گزار جائیں اور اپنے معاملات چلائیں ۔لارجر بینچ نے گورنر پنجاب کی طرف سے وزیر اعلی پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے جواب داخل کرانے پر درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں