محمد بلیغ الرحمان

وزیر اعلیٰ نے میرے آئینی آرڈر کی تعمیل کردی ،ڈی نوٹی فائی کرنے کا حکم واپس لے لیا ‘محمد بلیغ الرحمان

لاہور ( گلف آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب نے میرے آئینی آرڈر کی تعمیل کردی جس کے بعد میں نے وزیر اعلی پنجاب کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا حکم واپس لے لیا ،مسلم لیگ(ن)جمہوری اقدار کے فروغ اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور وہ صوبے کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کرنے والے صدر پنجاب لائرز فورم چوہدری نصیر احمد بھٹہ اور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ صدر لائرز فورم لاہور رانا ظفر اقبال کی قیادت میں وکلا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)جمہوری اقدار کے فروغ اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور وہ صوبے کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے میرے 19 دسمبر کے آئینی آرڈر کی تعمیل کردی ہے جس کا اسپیکر نے لکھ کر بھیجا ہے کہ آرٹیکل (7) 130 کے تحت اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے جو کہ ایک آئینی اور قانونی تقاضا تھا جس کے بعد میں نے وزیر اعلی پنجاب کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا حکم واپس لے لیا ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وکلا برادری نے آئین وقانون کی بالاستی اور جمہوریت کے استحکام اور اس کے تسلسل کے لئے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل اور سیلاب کے باعث مشکل حالات میں اتحادی حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے ادوار میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل ہوئے ، گرین پاسپورٹ کی عزت بحالی ہوئی جبکہ تعلیم اور صحت کے میدان میں بھی مثالی اقدامات کئے گئے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پچھلی حکومت نے ملکی ترقی کو روک کر وطن عزیز کو مالی و معاشی بحرانوں میں دھکیلا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے اپنے دعوں کے برعکس تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کی بجائے فنڈز کم کردیئے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ماضی میں گورنر ہائوس میں غلط مثالیں قائم کی گئیں لیکن اس کے برعکس ہم نے پنجاب کابینہ کا فوری حلف لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے حلف کے لیے بھی گورنر ہائوس کے دروازے کھولے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازی کے معاملے پر گورنر آفس نے ہمیشہ عوامی مفاد کو پیش نظر رکھا ہے۔ بحیثیت گورنر میری ذمہ داری ہے کہ عوامی مفاد کے بلوں کا جائزہ لوں اور اگر اصلاح کی ضرورت ہو تو تجاویز دوں ۔

انہوں نے کہا کہ بیسیوں بلز ایسے ہیں جن کی عوامی مفاد میں فوری توثیق کی گئی جبکہ جن بلوں میں اصلاح کی گنجائش تھی انہیں مفاد عامہ میں دوبارہ جائزے کے لیے بھیجا۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وکلا برادری کو درپیش مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفد میں ممبر پنجاب بار کونسل روشدہ لودھی تنویر ھاشمی ایڈوکیٹ ناصر چوھان ایڈوکیٹ چوہدری امتیاز الہی ایڈوکیٹ جاوید قصوری ایڈوکیٹ زاھد ملک ایڈوکیٹ شیخ فرحت عباس محسن بھٹی ایڈوکیٹ برطانیہ سے چوہدری عنصر ایڈوکیٹ شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں