سٹیٹ بینک

سٹیٹ بینک نے7,500، 15ہزار، 25ہزاراور 40ہزارروپے مالیت کے پرائز بانڈز کیش کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی

کراچی (گلف آن لائن)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 7,500، 15,000، 25,000 اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کیش کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کردی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے 7,500روپے، 15,000روپے، 25,000روپے اور 40,000روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ /نقد کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع کر دی ہے۔حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کیلئے 30جون 2022کی تاریخ مقرر کی تھی۔7,500، 15,000، 25,000اور 40,000روپے مالیت کے پرائز بانڈز رکھنے والے افراد ان بانڈز کے بدلے نقد رقم حاصل کرسکتے ہیں۔

ان بانڈز کی 25,000روپے یا 40,000روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ)میں منتقلی ہوسکتی ہے، اس کے علاوہ انہیں سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلا بھی جاسکتا ہے۔ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں سٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30جون 2023تک کیا جا سکتا ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

مرکزی بینک نے مزید کہا ہے کہ بانڈز کو رکھنے والے افراد آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی بچت کو 30 جون 2023سے قبل دوسری شکل میں تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا،اور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں