اسلام آباد (گلف آن لائن)سپریم کورٹ نے پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز عملدرآمد کیس پر خیبر پختونخوا حکومت سے 6 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی، صوبہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان پہلے ہی پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپس لے چکے ہیں۔ جمعرات کوسپریم کورٹ کا پولیس آئوٹ آف ٹرن پرموشن کیس میں صادر فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی دائر درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخواہ نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپسی کیلئے کیس کابینہ کو بھیج دیا گیا ہے،پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپسی کیلئے کمیٹی بن چکی ہے، پراسس مکمل کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا جائے۔سپریم کورٹ نے چاروں صوبوں کو پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پرموشنز کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔