بیجنگ (گلف آن لائن) بین الاقوامی جوہری توانائی تنظیم یعنی آئی اے ای اے کا خصوصی بجٹ اجلاس آسٹریا کے دارلحکومت ویانا میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اتفاق رائے سے تنظیم کی کونسل کی جانب سے پیش کردہ بجٹ ترمیمی بل 2023 اور متعلقہ قراردادوں کی منظوری دی گئی۔ہفتہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق
چینی وفد کے سربراہ وانگ چھانگ نے اپنے خطاب میں بجٹ ترمیمی بل کی منظوری کے حوالے سے تمام فریقوں کے تعاون کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ترمیمی بل پر تمام فریقوں کی شمولیت اور مکالمے کے بعد اہم اتفاق رائے کا حصول ممکن ہوا جو نہ صرف تنظیم کے بجٹ بلکہ اس کی پائیدار ترقی کے لئے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قواعد کا احترام، ان پر عمل درآمد اور ان کا تحفظ سب سے اہم ہے۔ چاہے بجٹ کا معاملہ ہو یا ایران کا جوہری مسئلہ یا جاپان کا فوکوشیما جوہری آلودہ پانی کا اخراج یا پھر امریکہ ، برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان جوہری آب دوز تعاون، ان تمام معاملات میں قواعد پر کاربند رہنا چاہیئے۔
وانگ چھانگ نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے کے قواعد کے مطابق اس تنظیم سے متعلق فیصلہ سازی کا اختیار ممبر ممالک کے پاس ہے اور تنظیم کا سیکریٹریٹ فیصلوں پر عمل درآمد کا ذمہ دار ہے۔ اس ادارے کے اہم فیصلےسیکریٹریٹ کے بجائے ادارے کے ممبر ممالک کو مل کر کرنا ہوں گے۔