سرینگر /ممبئی (گلف آن لائن)کشمیر میں بالی ووڈ فلم پٹھان نے دھوم مچاتے ہوئے32سال بعد سینماء ہائوس فل کر دیئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ اور دپیکا پڈوکون کی 25جنوری کو دنیا بھر میں ریلیز ہونیوالی فلم پٹھان باکس آفس پر کھڑکی توڑ بزنس کر رہی ہے۔ریلیز کے ساتھ ہی فلم پٹھان نے بھارتی سنیما کے کئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کرلئے ہیں،ریلیز کے پہلے ہی روز فلم نے دنیا بھر سے 100کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا تھا۔
دنیا بھر میں یش راج فلمز کی اس پروڈکشن کو 8ہزار سے زائد سکرینز پر لگایا گیا ہے جن میں ساڑھے پانچ ہزار بھارت میں جبکہ ڈھائی ہزار بیرون ملک ہیں۔ پٹھان حالیہ دور کی وسیع پیمانے پر ریلیز ہونے والی فلم بھی بن گئی ہے۔پٹھان نے جہاں بھارت میں مداحوں کے دل جیتے وہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی فلم نے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔رپورٹس کے مطابق فلم پٹھان کی وجہ سے کشمیر میں 2سال بعد سینماء ہائوس فل ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 26 جنوری کو کشمیر کی ایک مشہور سینماء چین کی جانب سے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا گیا کہ وادی کشمیر میں 32سال بعد سینماء ہاس فل ہوگئے ہیں اور سب فلم پٹھان کی وجہ سے ہے۔بیان کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر میں آرگنائزر سینماء کے باہر ہائوس فل کے بورڈ کے ساتھ کھڑے ہوئے دیکھے گئے۔ ویک اینڈ کی وجہ سے فلم کے بزنس میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔