مریم نواز

جمہوریت کا تسلسل ،وقت پر انتخابات سے درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ ممکن ہے’مریم نواز

لاہور ( گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم جانی و معاشی نقصانات اٹھائے ہیں، جمہوریت کا تسلسل اور وقت پر انتخابات اہم ہیں جس سے درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ ممکن ہے،دنیا کو پاکستان اور اس کے عوام کی اس مشکل صورتحال میں مدد کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹائون میں ملاقات کرنے والے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر زوئی وئیر سے گفتگو کے دوران کیا ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ قائم مقام ہائی کمشنر نے پشاور پولیس لائنز مسجد میں دہشت گرد حملے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سے یکجہتی کرتے ہیں۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ پشاور واقعہ بڑا سانحہ ہے، ہر دل مغموم ہے،دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے، مشترکہ کوششوں سے ہی خاتمہ ممکن ہوگا۔پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عظیم جانی و معاشی نقصانات اٹھائے ہیں، جمہوریت کا تسلسل اور وقت پر انتخابات اہم ہیں جس سے درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ ممکن ہے،دنیا کو پاکستان اور اس کے عوام کی اس مشکل صورتحال میں مدد کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ 3کروڑ 30لاکھ لوگوں کی بھرپور مدد کی، مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو 100 ارب روپے سے زائد مالی امداد فراہم کی۔مریم نواز نے برطانیہ اور اس کے ادارے ڈیفیڈ کی جانب سیلاب متاثرین کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مظبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔قائم مقام ہائی کمشنر نے پارٹی کے سینئر نائب صدر کے عہدے پر تقرری پر مریم نواز کو مبارک بھی دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے قائم مقام ہائی کمشنر کی آمد اور نیک تمنائوں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں