زرعی یونیورسٹی

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینئر ٹیوٹر آفس کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا

فیصل آباد(گلف آن لائن) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینئر ٹیوٹر آفس کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ تقریب کی صدارت سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی نے کی۔ تفصیلات کے مطابق نیو سینٹ ہال میں یونیورسٹی کے تمام کلبوں نے اس مرکزی تقریب میں جوش وخروش سے حصہ لیا جس میں تقریری مقابلہ جات، شاعری، کوئز کے مقابلے، تصویری نمائش اور دستاویزی فلم کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں کی ہدایت پر مسئلہ کشمیر کے ساتھ نوجوان نسل کو منسلک رکھنے اور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ بھارتی ظلم و ستم اور بربریت کے خلاف یک جہتی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ہمیں بھرپور آواز اٹھانا ہوگی کیوں کہ اس مسئلہ کے حل سے ہی خطے میں معاشی استحکام اور غربت میں خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر ٹیوٹر آفس ماڈل یونائیٹڈ نیشن MUN)) پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر ایک قومی تقریب منعقد کرے گا تا کہ ملک بھر سے مختلف جامعات کے سکالرز بین الاقوامی تناظر میں نوجوان نسل کو کشمیر کے حساس ترین مسئلے کے بارے میں ذہن سازی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

YPDCکے انچارج ڈاکٹر عمیر گل نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ گذشتہ کئی دہائیوں سے اقوامِ متحدہ کے سرد خانوں میں پڑا ہوا ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں کے ساتھ بھارت کی جانب سے نا انصافیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر اس مسئلے کو اجاگررکھنے کے لیے مزید موثر کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ ڈپٹی ڈی ایس اے ڈاکٹر حسن ذوالفقار اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر کشمیر یک جہتی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکا ئ نے پلے کارڈ اور کشمیری پرچم تھامے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں