لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہاہے کہ عدالتی فیصلے سے امپورٹڈ ٹولے کے انتخابات سے فرار کے تمام راستے بند ہو گئے، پی ڈی ایم ٹولے نے فیصلے کو خوش دلی سے قبول کیا ہوتا تو ان کے گھروں میں صف ماتم نہ بچھی ہوتی،سوال ہے ”کرپشن مارکہ اتحاد ” انتخابی میدان میں اترنے سے کیوں خوفزدہ ہے ؟۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ آپ الٹے بھی لٹک جائیں آپ کو عوام کی عدالت میں ہر صورت پیش ہونا پڑے گا ،آپ نے تو نو ماہ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں، پھر آپ عوام میں جانے سے کیوںخوفزدہ ہیں؟۔
انہوںنے کہا کہ بد قسمتی سے ملک معاشی طور پر وینٹی لیٹر پر ہے لیکن یہ وارداتیے اس کے باوجود کرپشن کی واردات سے باز نہیں آئے،امپورٹڈ ٹولہ صرف ایک ماہ کیلئے اپنے اللے تللے ختم کر دے تو انتخابات کیلئے مالی انتظامات ہو سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں عوام کی آئین وقانون کی اصل حکمرانی کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی ،رجیم چینج آپریشن کے اصل بینی فشریز سیاسی طور پر عبرت کا نشان بننے جارہے ہیں۔