اسلام آباد(گلف آن لائن)پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر کو ہوگا جس میں پشاور میں دہشتگردی کے واقعہ کے حوالے سے بحث کا امکان ہے، سینٹ کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس چند روز کے وقفے کے بعدپیر کو شام چار بجے پارلیمنٹ ہائوس میں دوبارہ ہوگاجس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کرینگے ،اجلاس میں پشاور میں دہشتگردی کے واقعہ کے حوالے سے بحث کا امکان ہے ۔
گزشتہ ہفتے اجلاس کے دور ان سابق چیئر مین سینٹ رضا ربانی نے اعتراض اٹھایا تھا کہ دہشتگردی کے معاملے پر بحث ہونی چاہیے تھی جس پر حکومت کی جانب سے یقین دلایا گیاکہ آئندہ ایجنڈا میں دہشتگردی کے معاملے پر بحث ہوگی ۔ دوسری جانب چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت اجلاس کا وقت تبدیل کیا ۔سینیٹ کااجلاس پیر13 فروری 2023 اب چار بجے شام کی بجائے دن بارہ بجے ہوگا ،فیصلہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی وجہ سے کیا گیا ۔