احسن اقبال

ترکیہ و شام زلزلہ متاثرین کی امداد میں نجی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے ، احسن اقبال

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد میں غیر سرکاری تنظیموں اور نجی اداروں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت زلزلہ متاثرین کے لیے سامان کی ترسیل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ پیر کو یہاں این ڈی ایم اے میں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بردار اسلامی ممالک کی ان مشکل گھڑیوں میں پاکستان کے امدادی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے ، حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ترکیہ و شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے سامان کی ترسیل جلد اور آسان بنائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سے امدادی سامان ایک ہی پلیٹ فارم سے بجھوایا جائے تاکہ پاکستان کی نمائندگی موثر انداز میں ہوسکے۔

سامان کی کوالٹی اور پیکنگ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ ملک کی نیک نامی پر کسی قسم کا کوئی حرف نہ آئے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق ترکی کے لیے سردیوں سے بچاؤ کے خیموں کی تیاری اور ترسیل کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں درکار ضروری لوازمات کو جلد پورا کیا جائے۔اس سے قبل اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے این ڈی ایم اے کے حکام نے بتایا کہ اب تک ہوائی راستے سے 23فلائٹس کے ذریعے 623ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام بجھوایا جاچکا ہے ، این ایل سی کے 21ٹرک 23فروری تک ترکی پہنچ جائیں گے جب کہ پاک بحریہ کا جہاز معاون امدادی سامان لیکر 28فروری کو کراچی سے روانہ ہوگا۔اجلاس میں اکنامک افیئرز ڈویڑن ، وزارت اطلاعات و نشریات ، این ایل سی ، ترکیہ و شام میں تعینات پاکستانی سفرا ، ٹینٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے بالمشافہ اور بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں