صدر مملکت

صدر مملکت کاپاکستان قازقستان تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور

اسلام آباد(گلف آن لائن)صدر مملکت عارف علوی نے پاکستانـقازقستان تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معیشت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے،دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنا ہوں گی ، زراعت اور زرعی مصنوعات کے شعبے میں تجارت کی صلاحیت کو عملی شکل دینا ہوگی ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے قازقستان میں پاکستان کے نامزد سفیر نعمان بشیر بھٹی نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے پاکستانـقازقستان تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ صدرمملکت نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معیشت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کی صلاحیت موجودہ سطح سے کہیں زیادہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنا ہوں گی ۔

انہوںنے کہاکہ زراعت اور زرعی مصنوعات کے شعبے میں تجارت کی صلاحیت کو عملی شکل دینا ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ قازقستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے ۔ عارف علوی نے کہاکہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کے مابین تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ پائیدار اور بامعنی تعلقات کا خواہاں ہے ۔انہوںنے کہاکہ وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط بڑھانا پاکستان کی خطے کی جانب پالیسی کا اہم حصہ ہے ۔صدر مملکت نے قازقستان کے ساتھ عوامی تعلقات میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

صدر مملکت نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں جائنٹ ڈگریاں اور وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے ، پاکستان کی ورچوئل یونیورسٹی آن لائن تعلیم کی سہولت فراہم کرتی ہے ۔صدر مملکت نے کہاکہ قازقستان کے طلباء ورچوئل یونیورسٹی کی آن لائن تعلیمی سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 8 ہزار کے قریب غیر ملکی طلباء یونیورسٹی کے ورچوئل تعلیمی پروگراموں سے استفادہ کر رہے ہیں ۔ صدر مملکت نے کہاکہ نامزد سفیر سیلاب کے دوران پاکستان کی امداد پر قازقستان کے لوگوں اور حکومت کا شکریہ ادا کریں ۔ انہوںنے کہاکہ نامزد سفیر بھارت کی مسلمان اور اقلیت مخالف پالیسیوں کا بھی پرچار کریں ۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کے خلاف ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں