پشاورہائیکورٹ

خیبرپختونخوا انتخابات: پشاور ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں درخواست نمٹادی

پشاور (گلف آن لائن)پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 90 روز میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کرانے کی درخواست سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نمٹا دی۔پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس روح الامین اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل شمائل احمد بٹ نے عدالت کو ا?گاہ کیا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے۔

جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے، ہم سپریم کورٹ کے حکم کے پابند ہیں، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ گورنر الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورت سے تاریخ دیں۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں گورنر کو الیکشن کی تاریخ دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔شمائل احمد بٹ نے کہا کہ آئین میں یہ چیزیں واضح لکھی ہوئی ہیں، اس پر جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ کاش جو بناتے ہیں وہ اسے پڑھ بھی لیں۔

بعد ازاں عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں درخواست نمٹاتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو پھر عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ روز سنائے گئے مختصر فیصلے میں کہا گیا کہ انتخابات دونوں صوبوں میں 90 روز میں ہونا ہیں، پارلیمانی جمہوریت میں انتخابات اہم عنصر ہیں۔سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کی جانب سے سامنے آنے والا یہ فیصلہ 2 کے مقابلے میں 3 کی اکثریت کے ساتھ جاری کیا گیا۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خیبرپختونخوا کی حد تک گورنر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرسکتا ہے، اگر گورنر اسمبلی تحلیل نہ کرے تو صدر مملکت تاریخ کا اعلان کرسکتا ہے،

الیکشن کمیشن فوری صدر مملکت سے مشاورت کرے، 9 اپریل کو انتخابات ممکن نہیں تو مشاورت سے پنجاب میں تاریخ بدلی جاسکتی ہے۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر صدر مملکت کو الیکشن کی تاریخ تجویز کرے، پنجاب کے الیکشن کی تاریخ صدرِ مملکت دیں گے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا نے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کر کے آئینی ذمہ داری سے انحراف کیا، گورنر کے پی صوبائی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کریں، الیکشن ایکٹ کے 57 اور 58 کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخ دی جائے، کے پی کے انتخابات کی تاریخ دینا گورنر کی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں