اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم قطر میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک (LDCs) کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق قطر کے امیر کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 5ـ6 مارچ 2023 کو دوحہ جائیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کی 5ویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ 5 سے 9 مارچ 2023 تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں ترقی پذیر ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا، جس سے ان ممالک کو خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔
کانفرنس میں، قائدین LDCs کے حق میں اضافی بین الاقوامی امدادی اقدامات اور کارروائی کو متحرک کریں گے اور LDCs اور ان کے ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان نئی شراکت داری پر اتفاق کریں گے۔ دوحہ میں وزیراعظم کانفرنس کے موقع پر شریک رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے۔ پاکستان عالمی سطح پر پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے گلوبل ساؤتھ کی اجتماعی آواز کو بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ 2022 کے دوران، 77 کے گروپ اور چین کے چیئر کی حیثیت سے، پاکستان نے ایل ڈی سی چیئر اور قطر کی کوششوں کی فعال طور پر حمایت کی تاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دوحہ پروگرام آف ایکشن فار دی لیسٹ ڈویلپڈ ممالک کو اتفاق رائے سے اپنایا جائے، اور اس کی توثیق کی جائے۔
کانفرنس میں وزیراعظم کی شرکت پاکستان کی سماجی ترقی اور معاشی خوشحالی کی جستجو میں کم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ حمایت اور یکجہتی کی نشاندہی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے 2030 کے ترقیاتی ایجنڈے اور پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول کے لیے ساؤتھ ـساؤتھ کوآپریشن کے فریم ورک کے تحت عالمی شراکت کی حمایت کرتا ہے۔