پی ٹی آئی

عمران خان کی گرفتاری حالات کو شدید خراب کرے گی، پی ٹی آئی

لاہور (گلف آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو شدید خراب کر دے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ میں اس نااہل اور پاکستان دشمن حکومت کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کو مزید بحران میں نہ دھکیلیں اور ہوش سے کام لیں۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا، بنیادی طور پرعمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ہیں، جوڈیشل کمپلیکس میں بھی پیش ہوئے ہیں، پیشی کے بعد اتنا وقت ہی نہیں بچا تھا کہ دوسری عدالت میں جا سکیں، ہمیں کوئی گارنٹی دے دی جائے کہ خان صاحب کی جان پر کوئی حملہ نہیں ہوگا۔ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کارکنان کو فوری طور پر زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کیلئے لاہور زمان پارک میں موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں