شیخ رشید احمد

الیکشن ہوں گے یا جوڈو کراٹے، آخری فیصلہ سپریم کورٹ کے پاس ہے،شیخ رشید

لاہور (گلف آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کے حوالے سے آخری فیصلہ سپریم کورٹ کے پاس ہے، عمران خان اور اس کی پارٹی کو نااہل یاکالعدم قرار دینا آسان نہیں ہوگا۔انہوںنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ مشترکہ اجلاس میں اگر حکومت اپنے سے بڑی قرارداد لائے گی تو حکومت مزید اضطراب تشویش میں مبتلا ہو جائے گی کیوں کہ وہ عوام میں جانے کے قابل نہیں رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ساری منصوبہ بندی عمران خان کو دیوار سے لگانے کے لیے ہو رہی ہے لیکن یہ دیوار پی ڈی ایم پر ہی گرے گی، عمران خان اور اس کی پارٹی کو نااہل یا کالعدم قرار دینا آسان نہیں ہوگا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ روپے کی قدر کم ترین سطح پر آ گئی ہے، معاشی مشکلات میں خوفناک اضافہ ہو گیا ہے، آئی ایم ایف اورغیر ملکی امداد دونوں دور ہیں، پاکستان پہلے ہی تنہا ہو چکا ہے، ملک کی بقاء الیکشن میں ہے، الیکشن ہوں گے یا جوڈو کراٹے، آخری فیصلہ سپریم کورٹ کے پاس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں