اسلام آباد (گلف آن لائن)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ایک بیان میں سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے تمام آئینی اداروں سے آئین کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔سپریم کورٹ بارنے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرکے آئین منسوخ کردیا، الیکشن کمیشن کسی بھی صورت میں انتخابات کی تاریخ تبدیل نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح تھا کہ انتخابات 90 دنوں میں کرانے لازم ہیں۔
سپریم کورٹ بار کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے آئینی مینڈیٹ اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے آئین وسپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی، آئین کے تحت نگران حکومت بھی 90 دن سے زیادہ قائم نہیں رہ سکتی۔سپریم کورٹ بار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی آئین کی کھلی خلاف ورزی ملک میں انتشار پھیلائے گی، تمام آئینی ادارے آئین منسوخ نہ کرنے کے لیے جامع اقدامات کریں۔