جاوید میانداد

پاکستان میں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں،موت جہاں لکھی ہے آئے گی’ جاوید میانداد

لاہور ( گلف آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈکوچ جاوید میانداد نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 50 اوور کے ایشیاکپ کے لئے پاکستان آئیں۔یوٹیوب کی ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں، موت جب کہیں اور جہاں لکھی ہے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ 2023 کیلئے پاکستان آنے سے صاف انکار نے ٹورنامنٹ کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے، سال 2012-13 میں ہماری ٹیم خراب حالات کے باوجود بھارت گئی تھی لیکن اسکے بعد ہندوستان نے اپنا وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔سابق کپتان نے کہا کہ اگر بھارت ہمیں بلائے گا تو ضرور جائیں گے لیکن اب بھارت کی باری ہے کہ وہ اپنا قرض اتارے۔

قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)نے اپنی ٹیم کو سکیورتی وجوہات کا بہانہ بناکر پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کیا تھا۔دوسری جانب پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوگا یہ ہمارا دوٹوک موقف ہے، ایشیائی ایونٹ کا جو فیصلہ ہوا اس کے اثرات ورلڈ کپ پر بھی پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے یہ ریڈ لائن ہے، بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا تیسرے ملک میں کھیلے، اگر بھارت نے اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے تو یہی ہائبرڈ ماڈل ورلڈکپ میں پاکستان کے لئے بھی لاگو ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں