صحت کارڈ پلس

پشاور: صحت کارڈ پلس پر ہسپتالوں میں داخلے بندکر دئیے گئے، ہسپتالوں میں عارضی پابندی لگا دی

پشاور (گلف آن لائن)پشاور میں انشورنس کمپنی نے صحت کارڈ پلس پر ہسپتالوں میں داخلے بند کر دئیے ہیں اور ہسپتالوں میں داخلوں پر عارضی پابندی لگادی ہے۔انشورنس کمپنی کی جانب سے پینل ہسپتالوں اور متعلقہ حکام کو خط بھی لکھ دیے گئے ہیں جس میں کہا گیا کہ صحت کارڈ پلس کے تحت داخلوں پر عارضی پابندی لگادی گئی ہے، 20 اپریل سے پینل پر موجود ہسپتالوں میں تاحکم ثانی نئے داخلے بند ہوں گے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ ہیلتھ فیسلیٹیٹرز، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرز کلیم کی تیاری کیلئے موجود ہوں گے۔خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبائی حکومت پر انشورنس کمپنی کے 14 ارب روپے کے بقایا جات ہیں، بقایاجات کی ادائیگی کیلئے متعدد نوٹسز موصول ہو چکے ہیں۔نگران مشیر صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر عابد جمیل نے بتایا کہ انشورنس کمپنی کو بقایاجات کی ادائیگی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے رواں ماہ انشورنس کمپنی کو ادائیگی ہوجائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں