سیالکوٹ (گلف آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پولیٹیکل اسٹیبلیٹی آنی چاہیے اور یہی ملک و قوم کے بہتر مفاد میں ہے،ملکی استحکام کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے، معاشی بحران سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہے۔ عوام سے عید ملنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آگے بڑھنا ہے تو استحکام اور ایک تسلسل چاہیے اور وہ تسلسل اور اسٹیبلیٹی آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پولیٹیکل اسٹیبلیٹی آنی چاہیے اور یہی ملک و قوم کے بہتر مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ذاتی خواہشوں کے حصول کیلئے دوڑیں لگی رہیں گی تو پھر وطن اور قوم کی خواہشات پوری نہیں ہوں گی، تمام طبقات کو ذاتی خواہشات کی بجائے قومی ایجنڈے پر فوکس کرنا چاہیے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ انصاف کا سب سے بڑا ادارہ ہے، پارلیمنٹ ہو یا عدلیہ اکثریت فیصلے کو فوقیت حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ادارہ باوقار ہے، ہمیں احترام ہے اور میں سمجھتا ہوں وہاں بھی ادب و احترام قانون اور آئین کی بلندی کا سلسلہ ہونا چاہیے۔ سابق اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چوہدری ارشد وڑائچ، چوہدری نوید اشرف اور ذیشان رفیق سمیت معزین علاقہ کی کثیر تعدادبھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔