چودھری پرویزالٰہی

خواجہ آصف روز گالیاں دیتے ہیں،یہ آئین کا کھلواڑ کررہے ہیں ‘ چودھری پرویز الٰہی

لاہور (گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ خواجہ آصف روز گالیاں دیتے ہیں، یہ آئین کا کھلواڑ کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے ، ہمارا مشن ملک کو سنوارنا ہے ۔ لاہور کی انسداد دہشت کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ پہلے دن سے ہم نے دہشت والا راستہ نہیں بلکہ پرامن راستہ اپنایا، ہم عدلیہ میں گئے اور پھر انہوں نے مذاکرات شروع کیے۔

انہوں نے کہا کہ شریف سارا خاندان بدنیت ہے، انہوں نے کچھ نہیں کرنا، یہ لوگوں کے خلاف جھوٹے پرچے کرنے کے ماہر ہیں۔ہم ان کو اور ان کے خاندان کو بھی جانتے ہیں، ان کی عادت ہے جس سے وعدہ کرو کبھی پورا نہ کرو۔خواجہ آصف روز گالیاں دیتے ہیں ، وہ آئین کا کھلواڑ کر رہے ہیں ۔سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقدمات ساتھ ساتھ چلیں گے، ہم پوری طرح فائٹ کر رہے ہیں، ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں، ہم نے پیچھے ہٹنے والی بات سیکھی ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک مقصد کے لیے نکلے ہیں، ہمارا ایک مشن ہے، ملک کو سنوارنا ہے، ہم نے قوم کو کام کر کے دکھایا ہے، ہم آئندہ بھی کام کر کے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صحیح راستے پر چل رہی ہے ،ہم نے ہمیشہ کام کیا ہے ہم عوام میں جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا فیصلہ ہے کہ وہ جس کو مرضی وزیراعلیٰبنائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری اور مونس الٰہی کی آڈیو فیک ہے ایسا پتا نہیں کیوں ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں