لاہور (گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بیرونی ایجنسی سے خطرہ نہیں، مافیا نے سپریم کورٹ کو تقسیم کردیا، مراد سعید اور مجھے اگر کچھ ہوا تو اس کے پیچھے ڈرٹی ہیری ہوگا، قوم سے چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کے لئے ہفتہ باہر نکلے۔
انہوں نے عدالت میں پیشی کے لیے اسلام آباد روانگی کے وقت اپنے ویڈیو پیغام میں نے کہا کہ 4چیزوں پر میں بات کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹانگ پر سوجن کے باوجود عدالت جارہا ہوں کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، دوسروں (مخالفین ) کی طرح نہیں جو اپنے خلاف فیصلہ آنے پر ججز کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔
تین روز قبل لاہور ہائیکورٹ کو واضح طور پرکہا کہ جسے ہم ڈرٹی ہیری کہتے ہیں اس نے 2 بار مجھے قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔ پہلے وزیرآباد میں جس میں جے آئی ٹی کی تفتیش اس کی وجہ سے سبو تاژ کی گئی کیونکہ تحقیقات کا سرا اسی کی جانب جانا تھا، دوسری دفعہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ مراد سعید کو دھمکیاں مل رہی ہیں کہہ رہے ہیں کہ دہشتگرد اس کے پیچھے ہیں لیکن اگر مراد سعید کو کچھ ہوا تو اس کے پیچھے بھی ڈرٹی ہیری ہی ہوگا۔
میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر مجھے کچھ ہوا تواس کے پیچھے بھی ڈرٹی ہیری ہوگا ۔،کوئی دہشت گرد نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجھے کسی بیرونی ایجنسی سے نہیں اسی آدمی سے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کا کال دے رہا ہوں ہفتہ 6مئی کی شام ساڑھے پانچ بجے آپ نے اپنے محلوں میں ، گائوں میں ایک گھنٹے کے لئے باہر نکلنا ہے اور اپنے چیف جسٹس کے ساتھ اظہاریکجہتی کرنا ہے کیونکہ مافیا ان کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہے ،
اس نے سپریم کورٹ کو تقسیم کیا ہوا ہے، پاکستان کے آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے کیونکہ وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری نے پاکستان میں تباہی مچا رکھی ہے جس کی وجہ سے وہ ڈرے ہوئے ہیں اور پاکستان کے آئین ، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کیخلاف جارہے ہیں۔عمران خان نے قوم سے درخواست کی کہ اپنے بچوں کا مستقبل اور ملک بچانے کیلئے سب نے ہفتہ کی شام گھروں سے باہرنکلنا ہے اور اپنے چیف جسٹس کو بتانا ہے کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے قوم سے ایک گھنٹہ مختص کرنے کی درخواست کے علاوہ عمران خان نے ریلیاں نکالنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ میں پھر 4ریلیاں کررہا ہوں ، اپنے چیف جسٹس اور پاکستان کے آئین کیلئے۔۔۔ اپنا ملک بچائو، آئین بچائو اوراس ملک کا سپریم کورٹ بچائو۔عمران خان نے مزید بتایا کہ یہ ریلیاں ہفتے کے روز ہی لاہور، اسلام آباد راولپنڈی اور پشاور میں ہوں گی۔