انتخابی جلسے

ترک صدر کے انتخابی جلسے میں 17لاکھ افراد کی شراکت

استنبول(گلف آن لائن) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے انتخابی جلسے میں 17لاکھ افراد نے شریک ہو کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ترکیہ کے میڈیا کے مطابق صدر اردوان کا استنبول میں ہونے والا انتخابی جلسہ ترکیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تھا۔انتخابی جلسہ اتاترک ائیرپورٹ پر منعقد کیا گیا جو 2016میں ناکام فوجی آپریشن اور جمہوریت کے لیے کی جانے والی جدوجہد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

تاریخی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان نے سیاسی حمایت پر استنبول کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کو ملک کو تقسیم کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔

صدر اردوان نے کہا کہ 17لاکھ افراد کا اجتماع مغربی میڈیا کی مجھ پر اور ترکیہ پر کی جانے والی تنقید کا جواب ہے۔

انہوں نے اپنی حکومت کے ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کی ویڈیو بھی جلسے کے شرکا کو دکھائی اور انتخابات جیتنے کی صورت میں مہنگائی میں کمی، تنخواہوں میں اضافے اورعوام اور ملک کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا وعدہ کیا۔

صدر اردوان نے طبیعت کی خرابی کے باعث چند روز کے لیے انتخابی مہم میں شرکت نہیں کی تھی۔ ترکیہ میں عام انتخابات 14مئی کو ہوں گے۔ انتخابات میں اردوان اور اپوزیشن امیدوار کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں