مراد علی شاہ

ضمنی بلدیاتی انتخابات: پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مراد علی شاہ کا اظہار تشکر

کراچی(گلف آن لائن)ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے صدر آصف زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو اور جیالوں کو مبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ حیدر آباد، سکھر، میر پور خاص اور لاڑکانہ کے میئر جیالے ہوں گے، کراچی کا میئر بھی پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا، جو اس شہر کی بھرپور خدمت کرے گا۔

۔ترجمان وزیر اعلی سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور یہ کامیابی عوام کا ہم پر بھرپور اعتماد ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کراچی میں بغیر کسی تفریق کے پیپلز پارٹی نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، کراچی کی سڑکیں، انڈر پاسز، فلائی اوورز، اسپتال اور نکاسی کے نظام کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی مفاد میں واضح موقف رکھا، پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے حقوق کی جنگ کھلے دل سے لڑی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہاکہ کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے پیپلز پارٹی نے بھرپور اقدامات اٹھائے جس کی وجہ سے شہر امن کا گہوارا ہے۔

انہوں نے شہر کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں کا شکرگزار ہوں، جنہوں نے اعتماد کیا اور مزید خدمت کرنے کا اختیار دیا۔وزیراعلی سندھ نے کہاکہ صوبے کے دیہی علاقوں میں سیلابی صورتحال میں پیپلز پارٹی قیادت اور حکومت عوام کے ساتھ رہی، کسانوں کی بحالی کے لئے ربیع کی فصل کے لئے بیج کی مد میں مالی معاونت کر کے ان کا ہاتھ بٹایا اور اب پاکستان پیپلز پارٹی گھروں کی تعمیر کا وعدہ بھی بھرپور طریقے سے نبھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جیالوں کو صوبہ ہے، کراچی کا میئر پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا جو اس شہر کی بھرپور خدمت کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ حیدر آباد، سکھر، میرپورخاص اور لاڑکانو کے میئر بھی پیپلز پارٹی کے جیالے ہونگے اور سندھ کے تمام ضلع کونسل کے چیئرمین بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جیالے ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں