لاہور (گلف آن لائن) 9مئی کے واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی گرفتاریوں کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔درخواست میں حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین پاکستان آزادی اظہار رائے پر قدغن عائد نہیں کرتا، قوانین کے تحت پیشہ ور صحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی آزادی ہے، 9 مئی کے واقعات کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مار کر گرفتار کیا جارہا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ گرفتاری کے دوران چادر چار دیواری کا تحفظ پامال کیا جارہا ہے، جیو فینسگ میں صحافیوں کی لوکیشن آنے پر انہیں گرفتار کرکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پولیس کو صحافیوں کی گرفتاریوں سے روکنے اور گرفتار صحافیوں کی بازیابی کا حکم دے۔