حمزہ شہباز

عمران خان نے 9مئی کو فتنے فساد کے اپنے عزائم کو پورا کیا ، حمزہ شہباز

لاہور(گلف آن لائن)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے یادگار شہدا ء مناواں پر حاضری دی ۔حمزہ شہباز نے یادگار شہدا ء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر ،خواجہ عمران نذیر ،سہیل شوکت بٹ،ماجد ظہور، غزالی سلیم بٹ ، کبیر تاج سمیت دیگر رہنما اور کارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

اس موقع پر شرکاء کی جانب سے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ ملک لاکھوں قربانیوں کے بعد وجود میں آیا ہے،قوم کی سلامتی کیلئے شہید ہونے والے افواج پاکستان کے بہادر جوانوں کا خون اس قوم پر قرض ہے ۔9مئی کے واقعہ نے عوام کے دلوں کو زخمی کیا ہے ،یہ نہیں ہو سکتا کہ چند ہزار کا جتھہ چوبیس کروڑ عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلے ، ہم ان شااللہ تعالیٰ ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔

عوام نے دیکھا کہ جتھوں نے کس طرح 9مئی کو جناح ہائوس کو جلایا ،جی ایچ کیو پر حملہ کیا ، دفاعی تنصیبات کو مسمار کیا گیا ہے ،قوم کا فخر سمجھا جانے والا جہاز جلا دیا گیا ،میانوالی اورسرگودھا میں ائیر بیسز پر دھاوا بولا گیا ، یہ کون لوگ ہیں جو پاکستان کے وقار پاکستان کی شان پر حملہ آور ہوئے ۔کرنل شیر خان جو کارگل کا شیر تھا اور ہے کیونکہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اس کے مجمسے تو ڑا گیا ۔ عمران نیازی آپ نے ان شہید کی مائوں کے دلوںکو زخمی کیا ہے ۔ 9مئی ہمیشہ ایک سیاہ دن کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہی فرق ہے فتنے فساد اور ملکی ترقی کے ایجنڈے میں ،9 مئی کو اپنے عزائم کو پورا کیا گیا ،جو 75سال میں دشمن نہ کر سکا وہ عمران نیازی اور اس کے جتھوںنے کر دکھایا ، اس دن ہمسایہ ملک میں پاکستان کے وقار کا تماشہ بنتا رہا ، ریڈیو پاکستان جل رہا تھا جس کاتاریخی کردار ادا تھا ۔انہوں نے کہا کہ مئی کے مہینے میں ذوالفقا ر علی بھٹو نے ایٹمی پاکستان کی بنیاد رکھی اور 28مئی کو نواز شریف نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ملک کو ناقابل تسخیر بنا کر ایٹمی قوت ہونے کا تحفہ دیا ۔

ان شا اللہ پاکستان قیامت تک قائم و دائم ریہ گا ۔یہ ایک حقیقت ہے جو قومیں اپنے محسنوں کی عزت نہیں کرتیں جو اپنے شہداء کے وقار کا خیال نہیں کرتیں وہ کبھی فلاح نہیں پاتیں ۔ اس لئے میں بار بار کہتا ہوں چند ہزار کا جتھہ کروڑوں عوام کے جذبات کا کھلواڑ نہیں کر سکتا اس لئے بے حد ضروری ہے کہ جو ان حملوں میں شامل ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ میں بھی بائیس سال سے کارکن ہوں ہم نے گرفتاریاں بھی دیں ، ہمارے قائدین نے گرفتاریاں دیں لیکن ہم نے کبھی اپنی دفاعی تنصیبات پر حملہ نہیں کیا ہم نے کبھی دھاوا نہیں بولا جس سے دشمن کو موقع فراہم ہو عمران نیازی کی سیاست فساد اورفتنہ ہے اس سیاست کو دفن کرنا قومی ذمہ داری ہے ۔

جس طرح قوم 28مئی کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے اسی طرح اب 9مئی کے دن کو سیاہ باب کی حیثیت سے اجاگر کیا جائے کہ جس طرح درندنوں نے اس ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی ۔ اس دن پولیس رینجرز افواج پر حملے کئے گئے ، آج مجھے یاد آگیا یہ کہتے تھے کہ ہم دھرنا دینا چاہتے ہیں ،پولیس کانسٹیبل کمال احمد کی شہادت کا مذاق اڑایا گیا ، اس کا چھ سال کا بیٹا میرے ساتھ کھڑا تھا اور جب تک نماز جنازہ ہوتی رہی اس کی سسکیاں سننے کو ملتی رہیں۔

فوجی ،رینجرز اور پولیس والے ملک و قوم کے لئے اپنی جانوںکے نذرانے پیش کرتے ہیں ان یتیموں کے دلوںپر کیا بیتی ہو گی ،میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان مائوں کے دلوں کو ٹھنڈک اورصبر عطا فرمائے اور ہمیں من حیثیت قوم توفیق عطا فرمائے اور یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ جن لوگوں نے ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا جو بھی اس کارروائی میں شامل ہے ان کو قانون کے مطابق قرارواقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کبھی کوئی پاکستان کی سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلنے کی کوشش نہ کرے ،یہ ہمای قومی ذمہ داری ہے اوراللہ کو منظور ہوا تو اتحادی حکومت جس میں مسلم (ن) بھی شامل ہے ہم اپنی ذمہ داری سے عہدہ براں ہو ں گے ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں ان کی حکومت ختم کرنے اور آڈیو لیکس کے حوالے سے کہا کہ یہ قصہ تو اب زبان زد عام ہے ،جن لوگوںنے آئینی حکومت کے خلاف سازش کی وہ خود مان گئے ہیں ، میں قانون کا طالبعلم ہوں ،جب ووٹ کاسٹ ہی نہیں ہوا تو سزا کیسے ہو گی ،آپ آئین کی روح کی غلط تشریح کیسے کر سکتے ہیں،آئین کی تشریح نہیں کی آپ نے اپنے عزائم کے لئے آئین کو اپنے ہاتھوں سے لکھا ہے ، آپ کو کسی شکل جماعت اچھی نہیں لگتی کسی سے آپ کو پیار ہے ، آپ اربوں روپے غبن کرنے والوںکو کہہ رہے ہیں کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی ،قوم اس کو کبھی نہیں بھولے گی ،

کیا عمران خان جنگی محاذ سے جیت کر آیا تھا جو سپریم کورٹ اس کا استقبال کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی دکھ نہیں ہے میں نے جو چند ماہ حکومت کی اس میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے ، سو یونٹ والے غریب صارفین کو مفت بجلی دینے جارہے تھے لیکن قانون کے رکھوالوں نے اس پر عملدرآمد روک دیا، یہ میرا نہیں عوام کا منصوبہ تھا اور عوام سے زیادتی ہوئی ہے ۔انہوںنے طویل عرصے بعد دوبارہ متحرک ہونے کے سوال کے جواب میں کہا کہ کبھی کبھی خاموشی بھی آواز ہوا کرتی ہے ، جب میں وزیر اعلیٰ تھا اس وقت بھی کہتا تھا کہ مجھے وزیر اعلیٰ ہونے پر فخر نہیں بلکہ اپنی جماعت کا کارکن ہونے پر فخر ہے ، میرا رشتہ کارکنوں کے ساتھ ہے اوریہ مرتے دم تک نبھاتا رہوں گا۔

انہوںنے کہا کہ 9مئی کے واقعات پر کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سیاسی جماعت نہیں ہو سکتی ان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے ،آہستہ آہستہ حقائق کھلیں گے۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کا دوغلے پن دیکھ لیں ، پہلا کہتا تھاامریکہ کی سازش کی وجہ سے میری حکومت گئی اور اب کہتا ہے امریکہ مجھے بچا لو، اللہ کے خوف کرو ، اگر تم سچ بولتے تو تمہیں ہر سیکنڈ کے بعد جھوٹ بولنے کی ضرورت نہ پڑے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ 9مئی کے مجرموں کو کٹہرے میں لائے اور من حیثیت القوم بھی ذمہ داری ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں