وہاب ریاض

خواتین کے لئے پنک گیمز کرا رہے ہیں’ وہاب ریاض

لاہور (گلف آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے کہا ہے کہ خواتین کے لیے لاہور میں 7سے 10جون تک پنک گیمز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔لاہور میں ڈپٹی کمشنر رافیعہ حیدر اور ڈی جی اسپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پنک گیمز کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے، اس میں 50لاکھ کے انعامات رکھے گئے ہیں۔وہاب ریاض نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر رافیعہ حیدر گیمز کی ایمبیسیڈر ہوں گی۔

اس موقع پر رافیعہ حیدر نے کہا کہ پہلی مرتبہ ویمنز گیمز کا انعقاد کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں لاہور ڈویژن میں مقابلے ہوں گے، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں 700 ایتھلیٹس شریک ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ 4روز تک 7مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، یونیورسٹی کی سطح کی کھلاڑی ان گیمز میں حصہ لیں گی۔

پریس کانفرنس میں وہاب ریاض نے ایشیا کپ کے انعقاد کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔وہاب ریاض نے کہا کہ ایشیا کپ کا بڑا ایشو بنا دیا گیا ہے، پاکستان میں میچز ہونے چاہئیں یہ اچھی چیز ہے، پاکستان میں سب بڑی ٹیمیں آچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ ہو جائے تو اچھی بات ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں