گورنرسندھ

آئی ٹی کورسز میں داخلہ کے لئے ڈھائی لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ، گورنرسندھ

کراچی (گلف آن لائن)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کورسز میں داخلہ کے لئے ڈھائی لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ، کنونشن سینٹر کی تعمیر میں چونکہ وقت لگے گا اس لئے ابتدائی طور پر کلاسز شروع کرنے کے لئے مارکی، کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ، ٹیسٹ کے بعد کامیاب امیدواروں کے لئے کلاسز شروع کردی جائیں گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنرہاس کے گیٹ نمبر چار پر قائم ہونے والی مارکی کے جائزہ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس ، آئی ٹی ایکسپرٹس سرضیاخان ، دانیال ناگوری اور گورنر سندھ کے آئی ئی کنسلٹینٹ مزمل اطہربھی موجود تھے ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ گورنرہائوس میں ایک کنونشن سینٹر بنایا جارہا ہے جس میں ایک ہزار سے زائد نوجوانوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اس کی تیاری میں تین سے چار مہینے کا وقت درکار ہے جس کی وجہ سے فوری طور پر ایک ”مارکی” تیار کی جارہی ہے جو کہ ایئر کنڈیشن ہے اس کی تیاری میں بدر ایکسپو کے زوہیب نصیر تعاون کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مارکی کی تیاری اس انداز میں کی جارہی ہے جب یہ مکمل ہو جائے گی تو سب کو ایسا محسوس ہوگا کہ جیسے یہ ایک ڈرائنگ روم ہے ،اس مارکی میں400 کمپیوٹرز نصب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد کے وہ لوگ جو ناامید ہو چکے تھے آج انہیں یہ دکھانا مقصود تھا کہ ہم نے اپنے وعدہ کے مطابق کام تیزی سے شروع کردیا ہے ،یہ وعدہ 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں جیسا نہیں ،ہم یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ یہاں عملی طور پرکام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک .www.governorsindh.com پر ڈھائی لاکھ سے زائد درخواستیں ان نوجوانوں کی موصول ہو چکی ہیں جو وطن عزیز کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی اس بات کی غماز ہے کہ نوجوان تکنیکی طور پر مہارت حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طالب علموں کو تکنیکی طور پر ہنر مند بنا کر بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کورسز کسی خیراتی فنڈز سے نہیں کرائے جارہے ہیں بلکہ ان کورسز کا مقصد یہ ہے کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی فیلڈ میں ماہر بنایا جائے ، جب یہ نوجوان اپنا کام شروع کریں گے تو ان کی کمائی ڈالرز میں پاکستان آئے گی جس سے ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ مارکی تعلیم و تربیت کے لئے ہے اس سے قبل اس طرح کی بڑی بڑی سہولیات جلسوں اور دیگر تقاریب کے لئے بنائی جاتی تھیں جہاں سے عوام نعرے لگا کر اور تالیاں بجا کر واپس چلے جاتے تھے اور انہیں کچھ حاصل نہیں ہوتاتھا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 50 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت دینے کے منصوبہ کا جب اعلان کیا گیا تو کچھ حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی اور اسے ناقابل عمل قرار دیا گیا لیکن آج یہ حقیقت بننے جارہی ہے ، اسی طرح جیسے رمضان المبارک میں گورنرہاس کے دروازے عوام کے لئے کھولے گئے تھے اسی طرح اب گورنر ہاس طالب علموں کے لئے درس گاہ کے طور پر کام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سرضیاخان اور دانیال ناگوری نے بلا معاوضہ اپنی خدمات پیش کی ہیں جو کہ بہت زیادہ لائق تحسین عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے ضمن میں بھرپور تعاون کرنے پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے مولانا بشیر فاروقی اور جے ڈی سی کے ظفر عباس بھی تعریف کے مستحق ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں