حافظ نعیم الرحمن

نومئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی رہنما ہم سے رابطے میں ہیں ،امید ہے کہ وہ اپنے چیئرمین کی ہدایت کے خلاف نہیں جائیں گے،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ9مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی رہنما ہم سے رابطے میں ہیں ،امید ہے کہ پی ٹی آئی والے اپنے چیئرمین کی ہدایت کے خلاف نہیں جائیں گے،میئر کراچی جماعت اسلامی کا ہوگا۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم ڈپٹی میئر کراچی کا عہدہ پی ٹی آئی کو دینے کے لیے تیار ہیں،اگر پی ٹی آئی اراکین پارٹی ہدایت کے برعکس ووٹ دیں گے تو ان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا اور پارٹی ہدایت کے باوجود نہیں آتے تو پارٹی ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دوسری جماعتوں سے بھی بات چیت کررہی ہے،

ہم نے ن لیگ، جے یو آئی، ٹی ایل پی سے بھی رابطہ کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب کے نام پر پیپلزپارٹی میں ابھی بھی جھگڑے چل رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 15جون کو میئر کا انتخاب ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی نے میئر کے لیے نام دے دیا ہے، قانون تھا کہ ہائوس میں میئر منتخب ہو گا تو آپ نے ترمیم کر دی، آپ نے ترمیم کی کہ کوئی رکن نہ بھی ہو تو میئر بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے شیڈول کے بعد اس طرح کے قانون پاس کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے پی پی کو پورا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کا ترمیم کردہ آئینی پرسن والا قانون ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے جارہے ہیں، الیکشن تو مرتضی وہاب نے لڑا نہیں باہر سے آرہے ہیں کہیں ان کے لالے نہ پڑجائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی صورتحال بہت بدتر ہے، سہراب گوٹھ جہاں مویشی منڈی لگی ہے وہاں سے شکایات آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید قربان کے لیے لوگ جا رہے ہیں لیکن وہاں کچھ انتظامات نہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز احسن آباد کے قریب یونیورسٹی پوائنٹ کو روک کر لوٹ مار کی، افسوس ناک واقعہ ہے، سندھ میں حکومت پی پی کی ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ 15سالوں میں انہوں نے اس صوبے کو یہ تحفظ دیا ہے، کراچی میں جب داخل ہوتے ہیں تو بڑی تعداد میں تجاوزات نظر آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم بھی درست نہیں ہے، کراچی کو اس وقت 10ہزار بسوں کی ضرورت ہے، ایک ہی بس کا افتتاح مختلف ناموں سے کر دیتے ہیں، ٹرانسپورٹ کی مد میں بجٹ کا حساب ہمیں چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں