خرم دستگیر خان

پاور سیکٹر کو سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے صارف دوست بنایا جار ہا ہے ، خرم دستگیر خاں

مکوآنہ (گلف آن لائن) وفاقی وزیر برائے توانائی انجنئیر خرم دستگیر خاں نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر کو سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے صارف دوست بنایا جار ہا ہے ۔ایڈوانس میٹرنگ انفرا سٹریکچر (اے ایم آئی) کا نفاذ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) کے نفاذ سے فیسکو اور اس کے صارفین کو بیک وقت میٹر کے ڈیٹا کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ تک رسائی حاصل ہو گی۔
جس سے ایک طرف بجلی چوری اورتکنیکی نقصانات پر قابو پانے میں مدد بھی ملے گی جبکہ دوسری جانب اوور بلنگ اور صارفین کی شکایات کا خاتمہ ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے فیسکو کمپیوٹر سنٹر میں نئے قائم کئے گئے ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) سیل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چئیرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان، چئیرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز شعیب بٹ ، وزیرا عظم کے خصوصی مشیربرائے فنانس رانا حسان افضل اور چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیربشیراحمد،جنرل مینجر (آپریشن ) رانا ایوب، بورڈ ممبران اورفیسکو افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) بجلی کی خرابی کی صورت میں تیز ترین تشخیص اوربجلی کی فوری بحالی میں مدد گار ثابت ہو گا اور صارفین کے سمارٹ موبائل اور کمپیوٹر پر بجلی کے استعمال کے حوالے سے مکمل معلومات کی رئیل ٹائم فراہمی کے باعث صارفین کا بجلی کے استعمال کے اوقات اور بل پر صارف کے موثر کنٹرول سے بجلی کے ضیاع کا خاتمہ ہو گا اور بجلی کی خاطر خواہ بچت ہوگی ۔ا س موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹوفیسکوانجنئیربشیراحمد اور ڈی جی (آئی ٹی) ڈاکٹر عبدالحئی نے بتایا کہ فیسکو اپنے صارفین کو بہتر سروس کی فراہمی کیلئے تمام صنعتی اور زرعی میٹرز اپنے وسائل سے مرحلہ وار تبدیل کر رہا ہے اب تک چھ ہزار سے زائد صارفین کو اس ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ فیسکو کمپیوٹر سنٹر فیصل آباد میں ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) سیکشن کے قیام سے پراجیکٹ کے کاموں میں مزید تیزی اور بہتری آئے گی اور ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) سے متعلقہ تمام کام ایک ہی جگہ پر ممکن ہوں گے ۔ سیل کے افتتاح کے بعد وفاقی وزیر نے دعا بھی کروائی۔ دریں اثناء فیسکو کی کارکردگی کے حوالے سے فیسکو کمیٹی روم میں چیف ایگزیکٹو فیسکو نے وفاقی وزیرخرم دستگیر اور بورڈ ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیسکو کا کوئی پاور ٹرانسفارمراوور لوڈ نہیں ہے ۔ این ٹی ڈی سی کی طرف سے 500کے وی فیصل آبادویسٹ اور220کے وی لالیاں گرڈسٹیشن کے بننے، نیٹ ورک بہتر ہونے اور لاسز میں کمی سے فیسکو کو آٹھ ماہ کے قلیل عرصہ میں ایک ارب سے زائد کا فائدہ ہوا ہے ۔

فیسکومیں نئے میٹرز کی کوئی قلت نہیں ہے حال ہی میں 60ہزار خراب میٹر تبدیل کئے گئے ہیں اور نئے میٹر کی درخواست پر 15دن میں نئے میٹرز لگائے جا رہے ہیں۔ فیسکو اپنے سسٹم کی بہتری کیلئے سالانہ اربوں روپے خرچ کر رہا ہے۔ ریجن بھر میں 9گرڈسٹیشن 3890ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہے ہیں۔وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کمپنی کی کارکردگی کوسراہا اور چیف ایگزیکٹو انجنئیر بشیراحمد اور دیگر افسران کو شاباش دی اور کہا کہ فیسکو کی کارکردگی دیگر کمپنیوں کیلئے قابل تقلید ہے ۔ اس موقع پر وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے فنانس رانا احسان افضل، بورڈ ڈائریکٹرزحمیر حیات روکھڑی، نعمان خالد، علی رانجھا، راجہ امیر حمزہ،بابر اکرام، ملک رب نواز،میاں فرخ اقبال اور فیسکو افسران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں