لاہور ہائیکورٹ

آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کو پہلے سیل ،خلاف ورزی پر مسمار کیا جائے ‘ ہائیکورٹ

لاہور(گلف آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کو پہلے سیل اور خلاف ورزی پر مسمار کرنے کا حکم دے دیا جبکہ فاضل عدالت نے حکم دیا ہے کہ سموگ کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، شہر میں پھل دار اور سایہ دار درخت لگائے جائیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی ۔

دوران سماعت محکمہ جنگلات نے پی ایچ اے کو درخت لگانے کے لیے چھانگا مانگا میں سوایکڑزمین دینے کی پیشکش کی جس پر فاضل عدالت نے دونوں محکموں کو جلد ایم او یو سائن کرنے کی ہدایت کردی۔لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلی رپورٹ طلب کر تے ہوئے بحریہ ٹائون میں درختوں کی کٹائی کے خلاف ایل ڈی اے سے کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کر لی ۔دوران سماعت محکمہ ماحولیات کی جانب سے اسموگ سے متعلق قوانین پیش کئے گئے جس پر فاضل جج نے اسموگ سے متعلق قوانین بنانے پر محکمہ ماحولیات کی تعریف کی۔

فاضل عدالت نے اسکولز،کالجز میں بھی درخت لگانے کے احکامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ کے تدارک کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جس علاقے میں ماحولیاتی آلودگی ہووہاں کے ماحولیاتی افسرکے خلاف کارروائی کی جائے۔آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کو پہلے سیل اور خلاف ورزی پر مسمار کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں