بیجنگ (گلف آن لائن) چینی صدر شی جن پھنگ نے امریکہ کی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے دنیا میں غربت کے خاتمے ،صحت عامہ ،ترقی اور خیراتی کاموں میں بل گیٹس اور ان کی فاؤ نڈیشن کی خدمات کو سراہا ۔انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ چین غربت کے خاتمے کے نتائج میں مزید کامیابیوں کے حصول میں دیہی احیاء کی تکمیل کے لیے کام کرتا رہے گا اور دیہات میں صحت عامہ کے معیار کو مزید بلند کرے گا۔
شی جن پھنگ نے بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر پر زور دیا اور سائنس و ٹیکنالوجی کی اختراعات پر عالمی تعاون ،موسمیاتی تبدیلی،انسداد وبا اور صحت عامہ سمیت عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں شرکت پر آمادگی اظہار کی۔انہوں نے کہا کہ چین بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانےاور دیگر ترقی پذیر ممالک کو اپنی صلاحیت کے مطابق مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ بل گیٹس رواں سال بیجنگ میں ان سے ملاقات کرنے والے پہلے امریکی دوست ہیں اور چین امریکہ تعلقات کی بنیاد یں عوام میں موجود ہیں۔ ہم ہمیشہ امریکی عوام سے اپنی امیدیں وابستہ کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی برقرار رہے گی۔
بل گیٹس نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور کووڈ-۱۹ کے انسداد میں چین نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جو دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی چین سمیت ترقی پذیر ممالک اور ساری دنیا کے لیے بھی مفید ہے۔ بل گیٹس نے کہا کہ ان کی فاؤ نڈیشین چین کے ساتھ اختراعات،غربت کے خاتمے،صحت عامہ،ادویات کی تحقیقات،دیہی احیا ء و زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور کامیاب تجربات اور ٹیکنالوجی کو ترقی پذیر ممالک تک روشناس کروانے کو تیار ہے ۔