ہارون رشید

ورلڈکپ،سرفراز کی ٹیم میں شمولیت کو مسترد نہیں کیا جاسکتا،چیف سلیکٹر

لاہور (گلف آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ورلڈکپ 2023ء کے لئے سرفراز احمد کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے امید دلانا شروع کردی۔کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے انٹرویو میں ہارون رشید نے کہا کہ ٹیسٹ فارمیٹ میں سابق کپتان سرفراز احمد نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈکپ میں انکی شمولیت کیلئے کارکردگی جانچنا ضروری ہے، میگا ایونٹ کی ٹیم کیلئے ابھی کافی وقت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم میں انکا نام شامل ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ سرفراز احمد نے حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن مختصر فارمیٹ میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔چیف سلیکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ ورلڈکپ سے قبل کسی بھی کھلاڑی کی اہمیت کو خارج نہیں کیا جاسکتا، سلیکٹرز میگا ایونٹ کیلئے حتمی اسکواڈ کے انتخاب کے وقت ہر کھلاڑی کی خوبیوں اور کمزوریوں کا بغور جائزہ لیں گے۔ہارون رشید نے کہا کہ ایشیاکپ سری لنکا میں شیڈول ہے جبکہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے ابھی جانتے کیا فیصلہ ہوگا، تاہم وہاں اسپنرز کیلئے سازگار پچز ہوں گی۔

قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے عندیہ دیا تھا کہ ورلڈکپ کی ٹیم میں سرفراز احمد کی شمولیت واضح نہیں تاہم بہت سے کھلاڑی میگا ایونٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔رواں برس مئی میں پاکستان کو 2017ء میں چیمپینز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد سے قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے رابطہ بھی کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں