چین

چین کی فینٹانل سے متعلق معاملے پر چینی شہریوں کی غیرقانونی گرفتاری بارے امریکہ کی شدید مذمت

بیجنگ (گلف آن لائن)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فینٹانل سے متعلق معاملے پر امریکہ کی جانب چینی شہریوں اور کاروباری اداروں کے خلاف غیر قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ امریکی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے چینی شہریوں کو ایک تیسرے ملک میں پھنسا کر گرفتار کیا اور چینی اداروں اور افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جس سے چینی شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور چینی کاروباری اداروں کے مفادات کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی چین شدید مذمت کرتا ہے۔

اتوار کے روز ترجمان کا کہنا تھا کہ چین فینٹانل مادوں کو مجموعی طور پر کنٹرول کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہے اور اس نے فینٹانل کی غیر قانونی تیاری اور غلط استعمال کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بجائے شکریہ ادا کرنے کے امریکہ نے چین کے انسداد منشیات کے اداروں پر پابندیاں عائد کیں اور پھر انسداد منشیات کے معاملے پر چین کو بدنام کیا، غیر قانونی طور پر چینی کاروباری اداروں پر پابندیاں عائد کیں، اور اب چینی شہریوں کو گرفتار کرکے ان پر مقدمہ چلایا جس سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی اور چینی اداروں اور شہریوں کے قانونی حقوق اور چین اور امریکہ کے درمیان انسداد منشیات کے تعاون کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ چین کو بدنام کرنے کی کوششوں کو بند کرتے ہوئے چین کے انسداد منشیات قانون کا نفاذ کرنے والے اداروں کے خلاف پابندیاں فوراً اٹھائے اور غیر قانونی طور پر گرفتار چینی شہریوں کو فوری طور پر رہا کرے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین اپنے کاروباری اداروں اور شہریوں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں