محمد اسحاق ڈار

نیشنل سیونگز کی طرف سے شریعت کے مطابق مصنوعات کا افتتاح کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، اسحق ڈار

اسلام آباد(گلف آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ نیشنل سیونگز کی طرف سے شریعت کے مطابق مصنوعات کا افتتاح کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار فنانس ڈویژن میں نیشنل سیونگز کی طرف سے سرو اسلامک سیونگز پروڈکٹس کی لانچنگ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

وزیر خزانہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ نیشنل سیونگز کی طرف سے شریعت کے مطابق مصنوعات کا افتتاح کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اسلامک فنانسنگ کو فروغ دینے کے حکومتی فیصلے کے مطابق ہے اور یہ مصنوعات شریعت کے اصولوں کے مطابق محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع کی مسلسل عوامی ضروریات کو پورا کریں گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اسلامی مالیات کو فروغ دینے اور 5 سال کی مدت کے اندر پاکستان میں سود سے پاک نظام قائم کرنے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ حکومت نے اس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی گورنر اسٹیٹ بینک کریں گے اور اس کی نگرانی خود وزیر خزانہ کر رہے ہیں۔ کمیٹی کو شریعت کے مطابق معیشت کی ہموار منتقلی کو یقینی بنانے کا پابند بنایا گیا ہے۔آخر میں، وزیر خزانہ نے اس کامیابی پر فنانس ڈویژن اور نیشنل سیونگز کی ٹیموں کوسراہا، کیونکہ یہ لانچ پاکستان میں پہلی بار حکومتی سطح پر شریعہ کمپلائنٹ ریٹیل پراڈکٹس کی نشاندہی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں