پاکستان

پاکستان کے بیک وقت 2 ٹیمیں کھلانے کا امکان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کے بیک وقت 2 ٹیمیں کھلانے کا امکان ہے جبکہ ورلڈکپ سے متصادم ایشین گیمز میں شرکت کی صورت میں بی ٹیم میدان میں اتارنا پڑے گی۔

ایشین گیمز اس بار چین کے شہر ہانگزو میں ہورہے ہیں، اس بار بھی مینز اور ویمنز کرکٹ ایونٹس مقابلوں کا حصہ ہوں گے تاہم شیڈول ورلڈ کپ سے متصادم ہے، یہ گیمز 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے، ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک ہونا ہے، اگر پاکستان ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ میں شریک ہوا تو اسے ایک بی ٹیم نئے کپتان کے ساتھ میدان میں اتارنا پڑے گی۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ بھی پہلی بار ایشین گیمز میں ٹیم بھیجنے کو تیار ہے، اس سے قبل کھیلے جانے والے 2 ایڈیشنز میں اس نے اپنا اسکواڈ نہیں بھیجا تھا، ورلڈ کپ سے متصادم ہونے کی وجہ سے بی سی سی آئی کی جانب سے بھی بی ٹیم میدان میں اتاری جائے گی، روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور ہردیک پانڈیا جیسے ٹاپ پلیئرز شریک نہیں ہوں گے۔

جو کھلاڑی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے انھیں ایشین گیمز کی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو یہ تیسرا موقع ہوگا جب بھارت ایک ہی وقت میں 2 کرکٹ ٹیمیں کھلائے گا، اس سے قبل پہلی بار ایسا 1998 میں ہوا تھا جب ٹاپ پلیئرز کی ٹیم سہارا کپ میں شریک جبکہ دوسری نے کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لیا تھا۔

2021 میں شیکھر دھون کی قیادت میں ون ڈے ٹیم سری لنکا کے ٹور پر گئی جبکہ ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں ٹیسٹ سائیڈ نے انگلینڈ میں میچز کھیلے۔ اسی طرح 2022 میں ایک بھارتی ٹیم ٹی 20 میچز کھیلنے میں مصروف رہی جبکہ جسپریت بمرا کی قیادت میں ٹیسٹ سائیڈ نے انگلینڈ سے واحد میچ میں حصہ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں