صدر مملکت

آپ تاریخ کے ابواب کو دوبارہ نہیں لکھ سکتے ،رواداری، اتحاد اور عظمت کے نئے باب ضرور رقم کر سکتے ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد (گلف آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ اگرچہ آپ تاریخ کے ابواب کو دوبارہ نہیں لکھ سکتے لیکن رواداری، اتحاد اور عظمت کے نئے باب ضرور رقم کر سکتے ہیں۔ ا پنی ٹویٹس میں صدر مملکت نے پاکستانیوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی عوام پر زور دیا کہ وہ پانچویں بڑے ملک کی حیثیت سے جدوجہد کریں اور اقوام عالم میں اپنا حقیقی کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں نے 30 سال بعد اپنا دوسرا حج مکمل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بنیادی طور پر پیارے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے دعا گو ہوں۔ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ہمیں مصیبتوں سے نکلنے کا راستہ فراہم کرے، ترقی اور خوشحالی کی جو منزل ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ ہمیں عطا کرے، اللہ غفور و الرحیم میری دعائیں اور التجائیں قبول فرمائے۔

جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سب کو معاف کیا اور یہاں تک کہ اپنے سب سے بڑے دشمنوں کو بھی معاف کر دیا، ہمیں بھی چاہیے کہ ہم اس پر عمل کریں اور میں نے بھی ایسا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ میری سب سے یہ بھی درخواست ہے کہ وہ کسی بھی ایسے عمل کے لیے مجھے معاف کر دیں جس سے کسی کو گزند پہنچی ہو اور دانستہ یا غیر دانستہ طور پر سرزد ہو گیا ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں