آئی سی سی

آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کا معاملہ بھی متنازع ہوگیا

اسلام آباد (گلف آن لائن)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کا معاملہ بھی متنازع ہوگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شرکت کیلئے اپنے پہلے اعلامیے میں چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور گورننگ بورڈ کے نئے رکن ذکا اشرف کے نام پیش کیے لیکن کچھ دیر بعد ہی جاری کردہ اعلامیہ واپس لے لیا۔آئی سی سی کا سالانہ اجلاس 9 سے 16 جولائی تک جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں ہوگا۔

چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کی عہدے کی میعاد 20 جون کو ختم ہوئی جس کے بعد سابق چیئر مین ذکا اشرف پی سی بی کے نئے چیئر مین کے لیے مضبوط امیدوار ہیں لیکن چیئرمین کیلئے انتخابات تاخیر کا شکار ہیں۔الیکشن کے معاملے پر صوبائی عدالتوں میں کیس زیر التوا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے انتخابات کرانے جبکہ پشاور اور بلوچستان ہائی کورٹ نے انتخابات کے حوالے سے حکم امتناع جاری کیا ہے۔

آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں ذکا اشرف اور سلمان نصیر کی پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی کی منظوری پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین احمد شہزاد فاروق رانا نے دی تھی لیکن کچھ دیر بعد ہی ذکا اشرف کو اجلاس میں بھیجنے کا اعلامیہ واپس لے لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں