مرتضیٰ جاوید عباسی

موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے’مرتضی جاوید عباسی

لاہور (گلف آن لائن) وفاقی وزیرپالیمانی امور وانچارج پرائم منسٹر پبلک افیئرز مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے،عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں سول سیکرٹریٹ لاہور میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔

وفاقی وزیر نے کھلی کچہری میں28 لوگوں کے مسائل سن کر ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے اور متعلقہ محکموں کو چھہ دن کے اندر تمام شکایات کا ازالہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں ایک شخص محمد سلطان نے شکایت کی کہ ان کی بیٹی زینب واپڈا ٹائون کے علاقہ میں واقع ایک گھر میںملازمہ ہے ، جہاں مالک مکان خرم خان نے اسے حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے، مالک کی جانب سے اس پر تشدد کیا جاتا ہے اور تین سال سے تنخواہ بھی نہیں دی جا رہی جب میں بچی کو واپس لینے کے لئے گیا تو خرم نے الٹا مجھہ سے 85 ہزار روپے مانگ لئے ،

رقم نہ دینے پر بچی کو علاقہ غیر میں فروخت کرنے کی دھمکی دی،محمد سلطان نے بیٹی کی بازیابی کے لئے وفاقی وزیر سے مدد طلب کی جس پر وفاقی وزیر نے فوری نوٹس لیتے ہو ئے واقعہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ، وفاقی وزیر کے حکم پر متعلقہ تھانہ کی پولیس اس گھر پہنچی جہاں بچی کام کرتی تھی، پولیس نے بچی سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں، جس پر بچی پولیس کے سوالوں کے تسلی بخش جواب نہ دے سکی، پولیس نے تحقیقات کے بعد وفاقی وزیر کو رپورٹ پیش کی کہ بظاہر اس واقعہ میںکوئی صداقت نظر نہیں آ تی تاہم وفاقی وزیر نے ایڈیشنل سیکرٹری انچارج کو ہدایت کی کہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جائے ایسا نہ ہو کہ بچی کسی دبائو میں آ کر سچائی بیان نہ کر رہی ہو۔

وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے آئی جی پولیس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سود پر پیسے لینے والے مجبور لوگوں کو مافیا سے ان کی جان چھڑانے کیلئے اقدامات کریں ، سود خوروں اور زمینوں پر قبضہ مافیاز کے خلاف سختی سے نمٹا جائے ،فرض شناس افسران پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جو ان مافیاز کیخلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملا زمین اور عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جا ئے گا،اگر کوئی شخص تحریری طورپر اپنی شکایت جمع نہیں کروا سکتا تو وہ واٹس اپ کے ذریعے بھی اپنی درخواست دے سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے ڈی سی لاہور کو سائلین کے مسائل ذاتی طور پر سننے کی ہدایت کی، انہوںنے لیسکو کے خلاف بھی شکایات سنیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں