پنجاب یونیورسٹی

پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام ورکشاپ

لاہور(گلف آن لائن)پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے معذوراںکے اشتراک سے ‘گھر، سکول اور معاشرے میں برتاؤ’ کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔

اس موقع پروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے معذوراں ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی، لانگ ووڈ یونیورسٹی ورجینیا ، امریکہ سے پروفیسر ڈاکٹر آفتاب خان، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹرحمیرا بانو، فیکلٹی ممبران اور ریسرچ سکالرز نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں ڈپریشن کے مرض میں اضافہ ہورہاہے جس کے تدارک کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے لانگ ووڈ یونیورسٹی امریکہ اور پنجاب یونیورسٹی کے درمیان باہمی روابط کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ترقی یافتہ ممالک کی ذمہ داری ہے بلکہ ترقی یافتہ ممالک میں مقیم تارکین وطن کی اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔

انہوں نے بہترین موضو ع پر ورکشاپ کیلئے ڈاکٹرحمیرا بانو اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ڈاکٹر آفتاب نے رویے، اس کی مختلف اقسام اور غیر معمولی بچوں سے منسلک خصوصی رویوں بارے سیر حاصل بات چیت کی۔ ورکشاپ میں دو مختلف سیشنزمیں معیاری پریزنٹیشن پر انٹرایکٹو نقطہ نظر پر بات چیت ہوئی جس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کے ساتھ ساتھ فیکلٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی۔

ڈاکٹرحمیرا بانو نے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود ، ڈاکٹر آفتاب سمیت شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو ورکشاپ میں ڈاکٹر آفتاب کے خصوصی تعلیم کے شعبے میں تجربے اور مہارت سے فائدہ ملے گا۔ بعد ازاں ورکشاپ کے شرکاء کوتعریفی اسناد دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں