یوسف رضا گیلانی

تحریک انصاف کا نظریہ 9 مئی کو دفن ہو چکا ہے،یوسف رضا گیلانی

لندن(گلف آن لائن)سابق وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نجی دورے پر لندن پہنچ گئے، ہیتھرو ایئرپورٹ ٹرمینل 5 پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی راجہ جاوید اقبال،سابق چیئرمین پی وائی او سید شہزاد کاظمی نے سابق وزیراعظم پاکستان ومرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی سید یوسف رضا گیلانی کا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے،

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا نظریہ 9 مئی کو دفن ہو چکا تحریک انصاف نے جس طرح اداروں پر حملے کئے تنصیبات کو نقصان پہنچایا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی جو کام ہمارا دشمن نہ کرسکا وہ تحریک انصاف کر گئی۔انھوں نے مزید کہا کہ آج اگر پاکستان محفوظ ہے تو اس کی دو وجوہات ہیں ایک ایٹمی پاور اور 1973 کا آئین ہیں اور اس کا سہرا پاکستان پیپلزپارٹی کے سر ہے پاکستان پیپلزپارٹی ہی اس ملک کے آئین کی محافظ جماعت ہے

انھوں نے کہا کہ آمدہ الیکشن کے اندر پاکستان پیپلزپارٹی وفاق سمیت چاروں صوبوں سے دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو صاحبہ عظیم شخصیت اور مسلم ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، بھٹو صاحب کی شہادت کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے سیاست کا علم بلند کیا۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے،جس نے ہمیشہ غریبوں کا خیال رکھا ہے، ہمارے دور میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کر کے غریبوں کی مددکی جبکہ ہماری پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جس نے سندھ میں تبدیلی کے بعد اب پنجاب اور ملک بھر میں ان شاء اللہ تبدیلی لانی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پارٹی کا کوئی ورکر نہ جھکتا ہے نہ بکتا ہے، پارٹی چھوڑ کر جانے والے ہمیشہ خسارے میں رہے ہیں اور انہوں نے پچھتایا ہے، جو کہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی سے زیادہ ملک کے لئے کسی نے قربانیاں نہیں دیں، کارکن قربانیاں تو دیتے رہتے ہیں لیکن ہمارے لیڈروں اور ہماری قیادت نے بھی قربانیاں دی ہیں اور قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا ہماری لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں