چوہدری انوارالحق

یورپی پارلیمنٹ نے مودی کی انتہا پسندانہ سوچ اور ہندوستان کے مکروہ عزائم کا پردہ چاک کر دیا ،وزیراعظم

مظفرآباد(گلف آن لائن)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ سے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مذمتی قرارداد نے مودی کی انتہا پسندانہ سوچ اور ہندوستان کے مکروہ عزائم کا پردہ چاک کر دیا ہے،بھارت نے اپنے مکروہ عزائم کو چھپانے کے لیے ہمیشہ مکر و فریب سے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے، بھارت کی جعلی جمہوریت کی قلعی دنیا کے سامنے کھل چکی ہے،یورپی پارلیمنٹ سے قرارداد کی منظوری دنیا کے لیے چشم کشاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر منظور ہونے والی مذمتی قرارداد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین اور بھارت کے درمیان تجارت سمیت شراکت داری کے تمام شعبوں سے انسانی حقوق کو منسلک کرنے کے مطالبہ کیا گیا ہے اور یورپی یونین کے رکن ممالک سے بھارت میں آزادی اظہار اور مذہبی آزادی کیلئے اعلیٰ سطح پر آواز اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک انتہا پسند ریاست ہے جہاں اقلیتوں کے حقوق سلب کیے ہوئے ہیں دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کو قابض فورسز پائوں تلے روند کر کشمیریوں کا مقدس خون بہا رہی ہیں۔ انسانی حقوق کی پامالی میں بھارتی حکومت کی سرپرستی میں انتہاء پسند ہندو تنظیمیں ملوث ہیں جبکہ بھارتی میڈیا بھی ان میں ملوث ہے جو حقائق سے انحراف کر کے گمراہ کن اطلاعات فراہم کر تا ہے تاکہ دنیا کی آنکھوں پر پردہ ڈالا جاسکے،کشمیری عوام گذشتہ سات دھائیوں سے بھارت کے بدترین مظالم کا شکار ہیں،

مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بعد کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق میسر نہیں اور ہندوستان نے وہاں کہ صورتحال کو دنیا سے چھپانے کیلئے مقبوضہ علاقے کو ملٹری زون میں تبدیل کر کے ذرائع ابلاغ معطل کئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اور اندرون بھارت میں سات دہائیوں بعد بھی زندگی کے ہر شعبے میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر کے ان پر عرصہ حیات تنگ کیاجارہا ہے،

مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو ختم کرنے کے لیے ہندوستان نے 5 اگست 2019 کا غیر آئینی غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کیا اور اس بعد وہاں جعلی ڈومیسائل دیکر باہر سے ہندووں کا لا کر آباد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی تنظیموں اور اداروں کی رپورٹس موجود ہیں جن میں بھارتی حکومت کی سرپرستی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا پردہ چاک کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مہذب دنیا مقبوضہ میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر کے شہری بھی انسان ہیں انہیں بھی زندہ رہنے کا حق ہے، بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اورعالمی اداروں کی طرف سے بھارت کو اقلیتوں سمیت بہت سے طبقات کے لئے خطرناک ملک قرار دیاجاچکا ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں