شاہین آفریدی

کم ترین میچز میں 100 ٹیسٹ وکٹیں، شاہین آفریدی نے شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ دیا

لاہور (گلف آن لائن) فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے گال میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے اپنی غیر معمولی واپسی سے شائقین کو متاثر کیا اور اپنی ٹیم کے لیے 3 تیز وکٹیں حاصل کیں اور پہلے دن ہوم سائیڈ کو 4 وکٹوں پر 54 رنز تک محدود کردیا۔سری لنکا کے اوپننگ بلے باز نشان مدوشکا کو آٹ کرنے کے بعد شاہین آفریدی نے صرف 26 میچوں میں 100 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل حاصل کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ 23 سالہ کرکٹر ریڈ بال کرکٹ میں سو وکٹیں مکمل کرنے والے چوتھے پاکستانی فاسٹ بالر بن گئے۔

شاہین آفریدی ان گیند بازوں کی فہرست میں جنہوں نے سب سے کم میچوں میں یہ سنگ میل حاصل کیا، اب صرف وقار یونس، فضل محمود اور محمد آصف سے پیچھے رہ گئے ہیں۔بائیں ہاتھ کے پیسر نے سابق کپتان عمران خان کا ریکارڈ برابر کیا اور شعیب اختر اور وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے بالترتیب 26، 27 اور 30 میچز لیے۔ شاہین شاہ گزشتہ سال اسی مقام پر پہلے ٹیسٹ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث وہ اہم سیزن سے باہر ہو گئے تھے۔

کم ترین میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستانی پیسرز کی فہرست میں وقار یونس اور محمد آصف 20،20 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر ہیں۔فضل محمود 22 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے دوسرے، شاہین شاہ آفریدی اور عمران خان 26،26 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرکے مشترکہ طور پر تیسرے، شعیب اختر 27 میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرکے چوتھے، جب کہ وسیم اکرم 30 میچز میں 100 وکٹیں لیکر 5ویں نمبر پر موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں