صدر مملکت

سرکاری افسران ملک میں گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں ،صدر مملکت

اسلام آباد(گلف آن لائن)صدرمملکت عارف علوی نے کہاہے کہ سرکاری افسران ملک میں گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں ، بیورو کریسی ملکی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے محنت اور اخلاص کے ساتھ کام کرے۔ بدھ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کوئٹہ سے آئے ہوئے سرکاری افسران پر مشتمل مڈ کیریئر منیجمنٹ کورس کے شرکا نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر صدرمملکت نے کہاکہ سرکاری افسران ملک میں گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں ،بیورو کریسی ملکی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے محنت اور اخلاص کے ساتھ کام کرے۔

صدر مملکت نے بیوروکریسی کی جانب سے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ عارف علوی نے کہاکہ ملکی ترقی اور لوگوں کو اِنصاف کی فراہمی کیلئے سرکاری حکام کو بروقت فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔ عارف علوی نے کہاکہ فیصلہ سازی میں تاخیر خدمات کی فراہمی اور ملکی ترقی پر منفی اثر ڈالتی ہے ، ہمیں بہتر اخلاق اور انکساری کی اقدار کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستانی بیوروکریسی کو نظام بہتر بنانے اور فکری استعداد میں اضافہ کرنا ہوگا، کارکردگی میں بہتری اور مؤثر فیصلہ سازی کیلئے افسران خود کو جدید مہارتوں سے لیس کریں۔ صدر مملکت نے کہاکہ بیوروکریسی عوام کی خدمات تک رسائی بہتر بنانے اور اداروں کی کارکردگی بڑھانے کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرے۔

صدر مملکت نے کہاکہ سرکاری حکام خود کو اپنے شعبے کی جدید مہارتوں سے لیس کریں ، تیز رفتار ترقی کیلئے سرکاری افسران لوگوں کی توقعات کی مطابق خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں