ماؤ ننگ

عالمی برادری یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کو فروغ دینے کے لیے کوششیں تیز کرے،چینی مندوب

اقوام متحدہ (گلف آن لائن)اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے یوکرینی مسئلے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ امن مذاکرات کو فروغ دینے اور یوکرینی بحران کے سیاسی حل کو فروغ دینے کے لیے کوششیں تیز کرے۔

گینگ شوانگ نے کہا کہ یوکرینی بحران طول پکڑتا جا رہا ہے، تنازعہ کم ہونے کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے، اور فریقین کو امن مذاکرات پر آمادہ کرنے میں پیش رفت سست ہے، اور موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔ بین الاقوامی برادری کو امن اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کوششیں بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، اور فائر بندی اور جنگ کے خاتمے کے لئے کوشش کرنی چاہیے، تاکہ اس مسئلے کو سیاسی طور پر حل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے، ہمیں حالات کو قابو سے باہر ہونے سے روکنے کی پوری کوشش کرنی چاہیے۔دوسرا، ہمیں بحران کے سیاسی حل کو فروغ دینا چاہیے۔ تنازعات اور جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، اور یوکرینی بحران کے حل کے لیے بات چیت اور مذاکرات ہی واحد صحیح راستہ ہیں۔تیسرا، ہمیں بحران کے پھیلنے والے اثرات کو کم کرنا چاہیے۔ بحران نے تنازعات والے علاقوں میں کئی دہائیوں کے ترقیاتی فوائد کو ختم کر دیا ہے، اور فریقین کو ناقابلِ تلافی نقصانات اٹھانا پڑے ہیں۔

آج، عالمگیریت کی گہرائی سے ترقی کے ساتھ، تنازعات اور دیگر عوامل ایک دوسرے پر اثر ڈالتے ہیں،جو عالمی بحالی اور پائیدار ترقی کی رفتار کو سست کر رہے ہیں۔ چین نے بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ترقی کے مسائل کو بین الاقوامی ایجنڈے میں سرفہرست رکھے، یوکرین کے بحران کے پھیلنے والے اثرات کو کم کرنے کے لیے سخت محنت کرے، ترقی پذیر ممالک کو مشکلات سے نکلنے میں مدد کرے تاکہ ترقیاتی کامیابیاں ضائع  نہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں