فواد چوہدری

توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چودھری نے معافی مانگ لی

اسلام آباد: (گلف آن لائن) توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چودھری نے ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن سے معذرت کر لی۔
فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کی۔

فواد چودھری ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے الیکشن کمیشن سے معذرت کر لی۔

دورانِ سماعت فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری نے کمیشن کے سامنے کہا کہ ناقابل ضمانت گرفتاری کے وارنٹ غلط پتے پر بھیجے گئے، چیف الیکشن کمشنرنے فواد چودھری کے وکیل سے کہا کہ آپ کے علم میں تو آ گیا تھا۔

فیصل چودھری نے جواب دیا کہ میں اکثر گھر پر نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن نے شوکاز نوٹس جاری کیا ہوا ہے وہ شوکاز نوٹس ہائی کورٹ میں چیلنج ہے، جس کا فیصلہ محفوظ ہے، ہم ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیتے ہیں، ہم اگلی سماعت پر شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیں گے۔

فواد چودھری نے الیکشن کمیشن کے روبرو کہا کہ میں اپنی جماعت کا سفیر تھا، شوکاز نوٹس واپس لے لیں، پارٹی ایک ادارہ ہے، میں ان کا ترجمان تھا، میں ذاتی حیثیت میں معذرت کر سکتا ہوں، میری معذرت قبول کریں، میں قانونی کیسز میں نہیں پڑ سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں