شیخ رشید

شیخ رشید کی گاڑیاں واپس کرنے کی درخواست، فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (گلف آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی پولیس کی جانب سے قبضے میں لی گئی بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق خان کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا ہے کہ31 مئی کو پولیس نے رات 3 بجے سرچ وارنٹ کے بغیر ایف سیون میں گھر پر چھاپہ مارا گیا، اس موقع پر پولیس نے لائسنس والی گن اور 2 بلٹ پروف گاڑیاں زبردستی قبضے میں لے لیں۔

شیخ رشید کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے سپرداری پر گاڑیاں حوالے کرنے کا آرڈر کیا مگر ایس ایچ او نے آرڈر ماننے سے انکار کر دیا۔

وکیل نے استدعا کی کہ پولیس کی جانب سے قبضے میں لی گئی گاڑیاں فوری واپس کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ مس کنڈکٹ اور اختیار کے غلط استعمال پر تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کی 2 گاڑیاں پولیس نے غیر قانونی طور پر اٹھا لی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے آرڈر کے باجود پولیس گاڑیاں نہیں چھوڑ رہی، عدالت کو بتایا ہے پولیس نے گاڑیاں غیر قانونی طور پر قبضے میں لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں